کرپٹ لوگوں کے علاوہ سب کیساتھ مفاہمت کیلئے تیار ہیں: وزیراعظم عمران خان

میانوالی: وزیراعظم نے کہا ہے کہ امن کیلئے سب کے ساتھ بات چیت کرنے کو تیار ہیں، کرپٹ لوگوں کے علاوہ سب کے ساتھ مفاہمت کیلئے تیار ہیں، حکومت ان کو این آر او نہیں دے گی، جو قوم بڑے ڈاکوؤں سے ڈیل کرتی ہے وہ تباہ ہوجاتی ہے۔

میانوالی میں وزیراعظم عمران خان نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میانوالی کے کارکنوں کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں، میانوالی کے لوگوں کی وجہ سے آج وزیراعظم ہوں، میانوالی میں 5 سال کے دوران ریکارڈ ترقی ہوگی، آپ میرے ساتھ اس وقت چلے جب کوئی نہیں تھا، میانوالی کے لوگوں کی خدمت کر کے احسان کا بدلہ چکاؤں گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی پوری دنیا کا مسئلہ ہے، کورونا کی وجہ سے دنیا میں کاروبار بند ہوگئے، کورونا کی وجہ سے تجارت بند ہوئی، اشیا کی قلت ہوگئی، امریکی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی، پاکستان ابھی بھی سب سے سستا ملک ہے، 3، 4 ماہ بعد پوری دنیا میں قیمتیں نیچے آجائیں گی۔

عمران خان نے کہا کہ 50 ہزار سے کم آمدن والوں کو 30 فیصد سبسڈی دیں گے، احساس راشن منصوبے کے تحت کم قیمت پر اشیا ملیں گی، اپنا پروگرام شروع کرنے کیلئے بغیر سود قرض دیا جائے گا، مارچ میں پنجاب کے ہر گھرانے کے پاس ہیلتھ کارڈ ہوگا، اپنا گھر بنانے کیلئے 27 لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا، 62 لاکھ نوجوانوں کو اسکالرشپ دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں