پنجاب میں دفعہ 144 میں مزید توسیع

ملتان (محمد ندیم قیصر)
پنجاب میں دفعہ 144 میں مزید توسیع کردی گئی ہے٬ اعلامیہ کے مطابق پنجاب بھر میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔ چار یا اس سے زائد افراد کا عوامی مقامات پر جمع ہونا ممنوع قرار دیا گیا ہے مزید کہا گیا ہے کہ صوبے میں اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی اور لاؤڈ اسپیکر کا استعمال بھی محدود کر دیا گیا ہے۔
لاؤڈ اسپیکر صرف اذان اور جمعہ کےخطبہ کے لیے استعمال کیا جا سکے گا اس کے علاوہ، اشتعال انگیز، نفرت انگیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت اور تقسیم پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
حکم نامے کا اطلاق شادی، جنازہ، تدفین اور سرکاری فرائض انجام دینے والے اہلکاروں یا عدالتوں پر نہیں ہوگا۔محکمہ داخلہ کے مطابق سیکورٹی خدشات کے باعث عوامی اجتماعات اور دھرنے دہشت گردوں کے لیے ممکنہ ہدف بن سکتے ہیں ۔اس لیے عوامی تحفظ کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں محکمہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ اس فیصلے کی عوامی آگاہی کے لیے وسیع پیمانے پر تشہیری مہم چلائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں