ملتان (محمد ندیم قیصر)
مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے ڈویژنل انتظامیہ کااحسن اقدام انڈسٹریل سٹیٹ ملتان میں “من و سلوی” منصوبے کا افتتاح٬ کیا۔ منصوبہ نجی شعبے کے تعاون سے شروع کیا گیا صدر آصف مجید کا خصوصی تعاون حاصل رہا۔ افتتاحی تقریب میں سینئر نائب صدر بختاور تنویر شیخ، سابق صدر ڈاکٹر شفیق خان پتافی، کرنل (ر) محمد ہاشم، الطاف شاہد اور سلیم اختر صدیقی نے بھی شرکت کی ۔
کمشنر عامر کریم خاں نے اس موقع پر کہا کہ “من و سلوی” مزدور طبقے کے لیے امید کی کرن ہے،اس منصوبہ کے تحت شہری اپنا صاف ستھرا اور غیر استعمال شدہ کھانا مخصوص ڈبوں میں ڈال کر فریزر میں رکھ سکیں گے جہاں سے ضرورت مند باعزت طریقے سے کھانا حاصل کر سکیں گے۔ ہر فریزر کو بجلی اور گارڈ کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ کھانا محفوظ رہے اور اس سے مستحق افراد بہتر انداز میں فائدہ اٹھا سکیں۔
کمشنر نے کہا کہ منصوبہ نہ صرف روزمرہ اخراجات میں کمی کا باعث بنے گا بلکہ رزق کے ضیاع کی روک تھام، بھکاریوں کی حوصلہ شکنی اور جرائم کے خاتمہ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں 20 سے 25 مقامات پر من و سلوی پوائنٹس قائم کیے جا رہے ہیں جن سے سینکڑوں خاندان روزانہ مستفید ہوں گے۔ مخیر حضرات تازہ کھانے کی فراہمی میں بھی حصہ لے رہے ہیں اور بزنس کمیونٹی کی شمولیت خوش آئند ہے۔ مزید فریزر مختلف کالونیوں اور صنعتی علاقوں میں جلد نصب کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ دنیا بھر میں روزانہ لاکھوں ٹن کھانا ضائع ہو جاتا ہے جبکہ ملتان میں “من و سلوی” بھوک مٹانے اور رزق کے ضیاع کو روکنے کی ایک عملی مثال بنے گا۔ انہوں نے مخیر حضرات اور نجی شعبے کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی اشتراک سے فلاحی منصوبے ہی ایک بہتر اور باوقار معاشرہ تشکیل دیتے ہیں۔




