انسانی جان بچانے والی ادویات کی دستیابی ڈرگ انسپکٹرز کی ذمہ داری : ڈرگ کورٹ ملتان

ملتان (محمد ندیم قیصر)

ڈرگ کورٹ ملتان نے انسانی جان بچانے والی ادویات کی مارکیٹ میں مقررہ نرخ پر دستیابی کو یقینی بنانے کو ڈرگ انسپکٹرز کی ذمہ داری قرار دے دیا٬ اس حوالے سے چیئرمین ڈرگ کورٹ ملتان محمد سلیم اللہ کی سربراہی میں ڈرگ کورٹ ملتان میں ڈرگ انسپکٹرز ، کنٹرولرز کا اجلاس طلب کیا گیا ۔ اجلاس میں تین ڈویژن ملتان ، ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال کے 10 ڈرگ کنٹرولرز اور ان کے نمائندوں نے شرکت کی ۔
ممبر ڈرگ کورٹ ملتان ڈاکٹر محمد نبیل سلیم نے اجلاس کو بتایا کہ مارکیٹ میں انستھیزیا ، مرگی کے مرض، دل کی بیماری سمیت گردوں کی بیماری میں استعمال ہونے والی ادویات بلیک میں فروخت کی جارہی ہیں جس کی وجہ بعض ڈسٹری بیوٹر اور نجی کمپنیوں کی اجارہ دای کا ہونا ہے ۔ اگر ڈرگ انسپکٹر اور کنٹرولرز ان ادویات کی فراہمی میڈیکل سٹورز پر معائنہ کے موقع پر ان ادویات کی دستیابی کو بھی ضرور چیک کریں اور شوکاز نوٹس جاری کیا جائے ۔
چیئرمین ڈرگ کورٹ ملتان محمد سلیم اللہ نے ہدایت کی تمام انسانی زندگی بچانے والی ادویات کی فراہمی ڈرگ انسپکٹرز اور کنٹرولرز کی ذمہ داری ہے اگر وہ ان ادویات ساز کمپنیوں کو بروقت شوکاز جاری کریں اور اس کی کارکردگی رپورٹ ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ اور صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کو بھی بھیجیں تو اس مافیا کو ختم کیا جا سکتا ہے ۔
سینئر لاء آفیسر احسان الحق ڈوگر نے پراسکیوشن کے حوالے سے بہترین کارکردگی دینے والے اضلاع کی تعریف کی اور کمزور اضلاع کو اپنے کیسز میں بہتری کے لیے محنت کرنے پر زور دیا ۔ ڈرگ کنٹرولرز نے بھی اپنے رائے کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں