ملتان ( محمد ندیم قیصر)
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری نے کانونٹ جیسس اینڈ میری، بیکن ہاؤس اور روٹس سکول سسٹم کے طلبا و طالبات اور اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کی، جس میں افواجِ پاکستان کے آپریشنل اُمور، داخلی سلامتی کی صورتحال اور نوجوان نسل کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے طلبا کو پاک فوج کی قربانیوں، دہشتگردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز اور ملکی دفاع کے مضبوط عزم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے بلکہ اندرونِ ملک امن و استحکام کے قیام کے لیے بھی ہر محاذ پر سرگرم ہے۔
اس موقع پر کانونٹ جیسس اینڈ میری اسکول کی پرنسپل نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ہمیشہ اپنے بہادر سپاہیوں کی احسان مند رہے گی جنہوں نے ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
نشست میں شریک طلبا اور اساتذہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے بات چیت کو ایک اعزاز قرار دیا۔ طلبا کا کہنا تھا کہ ’ہمارے لیے یہ باعثِ فخر ہے کہ ہمیں اپنی مسلح افواج کے نمائندے سے براہِ راست بات کرنے کا موقع ملا۔ ہمیں فخر ہے کہ ہماری فوج ہر وقت پاکستانی عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہے۔‘
طلبا نے مزید کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ہمیں سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے پروپیگنڈا اور گمراہ کن معلومات کے بارے میں آگاہی دی اور ہمیں یہ سکھایا کہ حقائق کو درست نقطۂ نظر سے دیکھنا کتنا ضروری ہے۔
اساتذہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے آج سیکھا کہ ازلی دشمن کے تزویراتی تکبر کا مقابلہ کیسے کیا جا سکتا ہے۔ ہم پاک فوج کے عزم، حوصلے اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔‘




