نادرا نے جنوبی پنجاب میں خواتین کیلئے پہلاخصوصی رجسٹریشن سنٹر قائم کر دیا

ملتان ( محمد ندیم قیصر)

نادرا نےجنوبی پنجاب کے مرکزی شہر ڈیرہ غازی خان میں خواتین کے لیے ایک خصوصی رجسٹریشن سنٹر قائم کر دیا، جس کا مقصد خواتین کو ایک محفوظ، آرام دہ اور باعزت ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ بغیر کسی ہچکچاہٹ یا رکاوٹ کے اپنی شناخت کے دستاویزات حاصل کر سکیں۔یہ سینٹر ڈیرہ غازی خان کے مرکز، مال آف ڈی جی خان، گارڈن ٹاؤن، ملتان روڈ پر بنایا گیا ہے اور اس کے قیام کا بنیادی مقصد خواتین کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور خود مختار بنانا ہے۔اس سنٹر کی اہمیت یہ بھی بتائی گئی ہے کہ خواتین یہاں نہ صرف اپنے شناختی کارڈ کے حصول کے لیے رجسٹریشن کروا سکتی ہیں بلکہ اپنے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور بچوں کے اندراج جیسے اہم امور بھی بخوبی انجام دے سکیں گی٫ اس عمل کے دوران خواتین کو کسی قسم کی دقت یا خوف کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، جس سے رجسٹریشن کے عمل میں شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
نادرا کے حکام کا کہنا ہے کہ شناختی دستاویزات محض کاغذ کے ٹکڑے نہیں ہیں، بلکہ یہ خواتین کی مالی خودمختاری، جائیداد کے حقوق، اور سیاسی شناخت کے لیے بھی اہم ہیں۔سنٹر کے قیام سے خواتین کو قانونی اور سماجی طور پر بااختیار بنانے میں مدد ملے گی، اور وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے مزید مضبوط ہو سکیں گی۔یہ اقدام نادرا کی جانب سے خواتین کے حقوق کو فروغ دینے اور انہیں معاشرتی، قانونی اور اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کی ایک بڑی کوشش ہے، سنٹر میں فراہم کی جانے والی خدمات نہ صرف رجسٹریشن کے عمل کو آسان بناتی ہیں بلکہ خواتین کو خوداعتمادی اور آزادی کے ساتھ اپنے شناختی حقوق حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔ یہ سنٹر خواتین کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور ان کی زندگی میں ایک مثبت تبدیلی لانے کا سبب بنے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں