کراچی میں بارشوں نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار

کراچی: (سٹی نیوز) کراچی میں حالیہ بارشوں نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔ کچھ ماہ پہلے بننے والی سڑکیں بارش اور گٹر کا پانی جمع ہوتے ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئیں۔

کراچی میں سڑکوں کی تعمیر میں کیسا ناقص میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے؟ سوالات اٹھنے لگے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث سڑکیں زیر آب آئیں تو ہمیشہ کی طرح سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئیں۔ بارش اور گٹر کے پانی سے گلشن اقبال، جہانگیر روڈ، لیاقت آباد، چار نمبر اور اطراف میں گلی محلوں کی سڑکوں میں گڑھے پڑ چکے ہیں، انتظامیہ تاحال حرکت میں نہیں آئی۔

شہری کہتے ہیں متعدد بار حادثات کا شکار ہوئے ہیں کئی بار شکایات درج کرائی گئیں مگر کوئی پرسان حال نہیں، صرف یہی نہیں شہر کے دیگر علاقوں کا بھی حال اچھا نہیں۔ گلی محلے ہوں یا مرکزی سڑکیں۔ بیشتر مقامات خستہ حالی کا شکار ہیں جو نہ صرف شہریوں کیلئے مشکلات کا باعث ہیں بلکہ ٹریفک کی روانی میں بھی خلل پڑرہا ہے۔

کراچی میں بارش کے بعد پانی جمع ہونا معمول ہے۔ سڑکیں زیر آب آنے کے باعث بارش کے بعد ٹوٹ پھوٹ کا بھی شکار ہو جاتی ہیں۔ شہری کہتے ہیں کہ وہ نہ بارشوں کے دوران انجوائے کر پاتے ہیں نہ ہی بارشوں کے بعد مسائل ختم ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں