ریاض (محمد ندیم قیصر)
سلامی یک جہتی کھیل سعودی عرب میں پاکستان کی عروشہ سعیدنے کانسی کا میڈل جیت لیا. عروشہ سعید نے خواتین کی 57 کلوگرام کراش کیٹیگری میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کیاا۔عروشہ سعید نے اپنی غیر معمولی صلاحیت، مہارت اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کی بہترین کراش کھلاڑیوں کے خلاف مقابلہ کیا اور ثابت کیا کہ پاکستانی خواتین بھی عالمی سطح پر کسی سے کم نہیں۔پاکستانی کراش ٹیم کی قیادت محمد سعد نے بطور ہیڈ کوچ کی، جبکہ محمد رفیق اور شہزیب نواز نے کھلاڑی کی تیاری اور تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ رہنمائی نے ٹیم کو یہ کامیابی دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ملتان سے تعلق رکھنےوالے نواب فرقان خان، جو کہ انٹرنیشنل کراش ایسوسی ایشن (IKA) کی جانب سے پاکستان میں کراش کے نمائندہ ہیں، نے عروشہ سعید، کوچز اور پوری ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی کھلاڑی روایتی اور مارشل اسپورٹس میں عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا رہے ہیں۔
نواب فرقان خان نے مزید کہا کہ عروشہ کی شاندار کارکردگی پاکستان کی نوجوان خواتین کے لیے ایک روشن مثال ہے، جو انہیں بین الاقوامی مقابلوں میں اعتماد اور جوش کے ساتھ حصہ لینے کی ترغیب دے گی۔




