ملتان (محمد ندیم قیصر)
جماعت اہل سنت پاکستان کے سربراہ علامہ سید مظہر سعید کاظمی نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام میں اکابرین علماءو مشائخ اہل سنت نے مرکزی کردار ادا کیا ہم اپنے اسلاف کی روایات پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور غیر ملکی جارحیت کے مقابلے کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دینے کیلئے تیار ہیں انہوں نے حکومتی اداروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ لاﺅڈسپیکر پر پابندی کی آڑ میں درودوسلام سمیت شعائر اسلام اور محراب ومنبر پر کسی پابندی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا ہم ملک میں قیام امن کے داعی ہیں ہم کسی کو اہل سنت کے حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وہ ملتان میں جماعت اہل سنت پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کے یادگار اجلاس سے خطاب کررہے تھے یہ اجلاس تقریباََ پانچ گھنٹے جاری رہا جس میں ملک بھر سے علماءومشائخ سمیت تمام عہد یداران نے بھرپور شرکت کی۔
جماعت اہل سنت کے مرکزی ناظم اعلیٰ پیر خالد سلطان قادری نے کہا کہ ملکی تعمیرو ترقی اور استحکام پاکستان کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں قانون تحفظ ناموس رسالت اور شان صحابہ واہل بیت آرڈیننس میں کسی بھی ترمیم و تنسیخ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سابق وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد اہل سنت کیلئے بھرپورکوششیں جاری ہیں انشاءاللہ یہ پر خلوص کاوش جلد بار آور ثابت ہوگی انہوں نے کہا کہ تنظیمات اہل سنت کے پلیٹ فارم سے 25جنوری کو لاہور میں مجوزہ کل پاکستان سنی کانفرنس کو بھرپور کامیاب بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ جماعتی نظم ونسق علماءو مشائخ سمیت سب پر لازم ہے اتحاد کا بنیادی نکتہ یہ طے کیا گیا ہے کہ ہمیں ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کی بجائے متحد ہوکر مسلک حقہ کی ترویج واشاعت ،تبلیغ دین اور اصلاح معاشرہ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے ۔
پنجاب کے امیر پیر سید خلیل الرحمن شاہ بخاری نے بتایا کہ یونین کونسل کی سطح پر جماعت کی تنظیم سازی کی گئی ہے اس کو مزید وسعت دی جارہی ہے دروس قرآن اور اصلاح معاشرہ کے عنوانات پر تسلسل سے پروگرام جاری رہیں گے بلوچستان کے صوبائی امیر پیر حبیب اللہ شاہ چشتی نے کہا کہ بلوچستان کے سیاسی حالات کی خرابی کے باوجود جماعت اہل سنت نے قیام امن کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں جماعت اہل سنت کے مدارس اور مساجد تبلیغ دین اور اشاعت اسلام میں مصروف عمل ہیں۔پنجاب کے ناظم اعلیٰ علامہ محمد فاروق خان سعیدی نے اعلامیہ پڑھ کر سنایا اجلاس میں ملک بھر سے تمام ڈویژنوں اور اضلاع کی کارگزاری پیش کی گئی ۔
ملتان سے علامہ سید محمد رمضان شاہ فیضی، راولپنڈی سے سید قدیر حسین شاہ کاظمی، ساہیوال سے سید فیض الحسن شاہ کاظمی، لاہور سے مولانا محمد اسلم سعیدی، رحیم یار خان سے سید احمد رضا بخاری، جھنگ سے صاحبزادہ عطاء الصطفیٰ مجددی، بہاول پور سے مولانا عبدالرسول اشرفی، فیصل آباد سے صاحبزادہ حمید الدین رضوی، ڈی جی خان سے صا حبزادہ محمد قمرالدین شاہجمالی، گوجرانوالہ سے صاحبزادہ حسن رضا نقشبندی، صوبہ خیبر پختون خواہ سے مفتی قسمت علی خان، صوبہ سندھ سے صوبائی ناظم اعلیٰ مولانا محمد اکرم سعیدی، کراچی ڈویژن سے شاہ مظہرالحق قادری، حیدرآباد ڈویژن سے ارشد علی رحمانی، شہید بے نظیر آباد سے محمد اسلم نوری، میرپور خاص سے مولانا محمد صادق سعیدی، سکھر سے مولانا محمد ساجد سعیدی، بلوچستان کے امیر پیر سید حبیب اللہ چشتی ، کوئٹہ سے صاحبزادہ خورشید احمد شاہ چشتی، سبی سے مولانا ممتاز احمد قادری، ڈیرہ بگٹی قلات ڈویژن سے حافظ محمد اقبال قادری، نصیرآباد ڈویژن سے صاحبزادہ سلطان محمد حیات قادری کے علاوہ مرکزی نائب امیر خواجہ فیض محمد شاہجمالی، سنی سپریم کونسل کے ممبر وسیم ممتاز ایڈووکیٹ، میاں آصف محمود، مرکزی ناظم اطلاعات پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری نے بھی خطاب کیا۔




