پاک جنوبی افریقہ ون ڈے سیریز آج سے فیصل آباد میں شروع ٬ 17 برسوں بعد اقبال سٹیڈیم کی ایک روزہ بین الاقوامی میچزکی رونقیں بحال

فیصل آباد (محمد ندیم قیصر )

پاک جنوبی افریقہ ون ڈے سیریز آج سے فیصل آباد میں شروع ٬ 17 برسوں بعد اقبال سٹیڈیم کی ایک روزہ بین الاقوامی میچ کی رونقیں بحال ہو جائیں گی۔بیسٹ آف تھری سیریز کے تینوں میچز اقبال سٹیڈیم پر ہی کھیلے جائیں گے. اقبال سٹیڈیم فیصل آباد نے آخری بار سال 2008ء میں پاک بنگلہ دیش ون ڈے انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کی تھی.دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ پہلی بارے ایک روزہ بین الاقوامی میچ کی کپتانی کرنے والے فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر شاہین شاہ آفریدی سمیت پاکستان کی پوری ٹیم پہلی بار اقبال سٹیڈیم فیصل آباد پر ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے گی ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین تین میچز پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز آج 4 نومبر سے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد پر ہو رہا ہے٬تینوں میچز اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے۔اقبال سٹیڈیم پر آخری بار ون ڈے انٹرنیشنل 17 برس پہلے کھیلا گیا تھا٬ ۔تینوں میچز اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 4 نومبر دوسرا میچ 6 نومبر اور تیسرا اور آخری میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا ۔اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں17 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے۔ اس گراؤنڈ میں آخری مرتبہ انٹرنیشنل میچ 11 اپریل 2008ء میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جانے والا ون ڈے انٹرنیشنل تھا۔اس میدان میں مجموعی طور پر 16 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں ۔پاکستان نے اقبال سٹیڈیم میں 12 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں سے 9 جیتے ہیں اور 3 ہارے ہیں۔
جنوبی افریقہ نے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد پر 5 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں ٫ 2 جیتے ہیں 3 میں اسے شکست ہوئی ہے۔آج 4نومبر سے شیڈولڈ اس ون ڈے انٹرنیشنل سیریز سے قبل دونوں ٹیمیں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل چکی ہیں۔ ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی تاہم پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز دو ایک سے اپنے نام کی ۔
فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر شاہین شاہ آفریدی پہلی مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ اس حوالے سے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی قیادت ان کے لیے اعزاز ہے۔وہ یہ ذمہ داری بخوبی نبھانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں سترہ سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے اور ہم جنوبی افریقہ کے خلاف اس سیریز میں اچھی کارکردگی کے لیے پرامید ہیں۔ہم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز اچھی کھیلی ہے ۔شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ بحیثیت کھلاڑی ہمارا کام کھیلنا ہے اور جو بھی ذمہ داری دی جاتی ہے اسے نبھانا ہے۔ اس وقت ان کی توجہ ون ڈے پر ہے کہ کس طرح کارکردگی کو بہتر کرنا ہے۔
مغل اعظم بابراعظم کی ٹی 20 سیریز میں ریکارڈ ساز انٹری کے بعد ون ڈے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ آخری ٹی ٹوئنٹی کی اننگز سے یقیناً ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہوگا اور دوتین اننگز میں ناکامی کی وجہ سے آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ بابر اعظم اچھا کھلاڑی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی سینئر کھلاڑی پرفارم کرتے ہیں ٹیم کامیابی حاصل کرتی ہے ۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 87 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں پاکستان نے34 جیتے ہیں٬ 52 میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان کا سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔شاہین شاہ آفریدی ( کپتان ) ۔ابرار احمد۔ بابراعظم۔ فہیم اشرف۔ فیصل اکرم۔ فخرزمان۔ حارث رؤف۔ حسیب اللہ۔ حسن نواز۔ حسین طلعت۔ محمد نواز۔ محمد رضوان ( وکٹ کیپر) محمد وسیم جونیئر۔ نسیم شاہ ۔ صائم ایوب اور سلمان علی آغا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں