ملتان (محمد ندیم قیصر)
ترک کلچر کا عکس لیے ملتان کا اہم چوک ٬ لیکن کلمہ چوک کہاں گیا!!
1997ء میں نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے دوسرے دور کو شروع ہوئے چند ماہ گزرے تھے کہ جب سابقہ پل موج دریا پر سٹیٹ بینک کی فلک شگاف عمارت٬ نشتر ہسپتال کی طرف جانیوالی سڑک پر واقع پٹرول پمپ اور گورنمنٹ کے دو سرکاری گرلز و بوائز سکولوں کے عین وسط میں چوک بنایا گیا جسے کلمہ چوک کا نام دیا گیا یہ چوک دراصل گورنمنٹ مسلم بوائز ہائی سکول کے ہیڈماسٹر محترم چوہدری عبدالرحمان کی تعلیمی شعبہ میں بیمثال خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعمیر کیا گیا تھا ٬ کلمہ چوک کے بلند و بالا مینار کے ساتھ ایک تختی پر لکھا بھی گیا تھا کہ بیادچوہدری عبدالرحمان سابق ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ مسلم ہائی سکول ملتان .
چوہدری صاحب کی تدفین بھی مسلم سکول کی مسجد کے ایک کونہ میں واقع۔ احاطہ میں کی گئی ہے اور وہ 70ء کی دہائی میں گورنمنٹ مسلم سکول کے ہیڈ مدرس رہے ان کے علمی جنوں کا مشاہدہ کرنے والے انہیں انگلش ناول مسٹر چپس کے ساتھ مماثلت کیا کرتے تھے٬ سید یوسف رضا گیلانی کے دور وزارت عظمیٰ 2008 ء میں جب ملتان آرٹس کونسل سے پل موج دریا کی طرف فلائی اوور کا منصوبہ بنا تو اس کلمہ چوک کو ملتان کے بزنس ٹائیکون ایوان صنعت و تجارت٬ کاٹن جنرز ایسوسی ایشن ٬ سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی اور ملتان آرٹس کونسل کے عین سامنے چوک میں شفٹ کردیا گیا اور اس چوک کا نام بھی کلمہ چوک ہی رکھا گیا٬تاہم ملتان میں چوراہوں کو کشادہ اور دیدہ زیب بنانے کے بانی کمشنر ملتان عامر کریم خان نے اس کلمہ چوک کی ری ڈیزائننگ کروائی تو ترک صوفی ازم کا عکس لیے ہوئے ایک مجسمہ نصب کردیا گیا .
لیکن اب کلمہ چوک کہاں بنے گا اس بارے میں فی الحال خاموشی ہے ٬ عوامی حلقے تقاضہ کر رہے ہیں کہ مسلم سکول والی جانب ریسکیو 1122 کی جانب تکون موڑ پر کلمہ چوک کی نشانی کے طور پر ایک تکون نما چبوترا تعمیر کردیا جائے اور اس پر بیاد چوہدری عبدالرحمان کا نام بھی کنندہ کردیا جائے تاکہ اس علمی یادگار کا نشان باقی رہ جائے۔فی الحال یہ سوال سر اٹھائے ہوئے ہے کہ
ترک کلچر کا عکس لیے ملتان کا اہم چوک ٬ لیکن کلمہ چوک کہاں گیا!!




