ملتان (محمد ندیم قیصر)
ملتان میں ڈینگی کے ڈنگ تیز ہونے لگے٬ مزید 8 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ٬ مختلف سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے شبہ میں 30 مریض زیر علاج ہیں۔ ڈینگی کے سب سے زیادہ مریض نشتر ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ڈینگی وارڈ مریضوں سے بھرنے لگا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی کی روک تھام کے لیے سپرے اور انسدادِ لاروا مہم جاری ہے، تاہم کیسز میں اضافہ تشویش ناک ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گھروں اور گلیوں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں اور ڈینگی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈ مکمل فنکشنل کر دیئے گئے ہیں ٬ محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔دریں اثناء ڈینگی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے ٫انسدادی کارروائیاں تیز کردی گئیں ٬ لاروا تلفی میں کوتاہی برداشت نہ کرنے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے بدلتے موسم کے پیش نظر ڈینگی کے خاتمے کیلئے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے٬ تمام ضلعی محکموں کو فیلڈ میں سرگرم رہنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے٬ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ڈینگی کنٹرول سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کا حکم دیا گیا ہے٬ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر کی صدارت میں محکمہ صحت کا اجلاس منعقد ہوا٬اجلاس میں ڈینگی لاروا کی تلفی اور حفاظتی انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا٬ عوامی مقامات، سکولوں اور حساس علاقوں میں سپرے مہم تیز کرنے اور محکمہ صحت کی ٹیموں کو روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں رپورٹنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی٬ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اپنانے پر عوام میں آگاہی مہم جاری ہے۔




