ملتان(محمد ندیم قیصر)
شجاع آباد کے علاقے راجہ رام میں بیمار جانوروں کا گوشت سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کے دوران 7 من بیمار بھینسوں کا گوشت موقع پر تلف کر دیا۔ گوشت سپلائی کرنے والی گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا، جبکہ دو افراد کو گرفتار کرکے تھانہ راجہ رام منتقل کر دیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ انسپکشن کے دوران گوشت کی رنگت تبدیل اور بدبو دار پائی گئی ، جبکہ سلاٹرنگ کا کوئی ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مضرِ صحت گوشت تلف کیا اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔




