قائد اعظم ٹرافی: ملتان اور بہاولپور شکست کے بھنور میں پھنس گئے.ساجد خان کے 10شکار

اسلام آباد (محمد ندیم قیصر)
قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ کے آٹھویں راؤنڈ کے تیسرے دن لاہور وائٹس نے بہاولپور کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی جبکہ پشاور نے ملتان کو 189 رنز سے ہرادیا۔شعیب اختر کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں لاہور وائٹس کو بہاولپور کے خلاف جیتنے کے لیے 136 رنز کا ہدف ملا تھا اس نے 58 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگز شروع کی اور مزید ایک وکٹ گنوانے کے بعد مطلوبہ سکور پورا کرلیا۔ پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے حسین طلعت نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 49 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت دلادی۔ محمد عمیر نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
حسین طلعت پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
عمران خان کرکٹ سٹیڈیم پشاور میں ملتان کو پشاور کے خلاف جیتنے کے لیے 282 رنز کا ہدف ملا تھا اس نے 2 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز شروع کی اور پوری ٹیم صرف 92 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عمران بٹ نے 39 رنز بنائے ۔ ساجد خان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 39 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں اس طرح انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئرآف دی میچ قرار پائے۔
قائداعظم ٹرافی کا 9 واں اور آخری راؤنڈ 23 نومبر کو شروع ہوگا۔لیگ میچوں کے اختتام پر دو ٹاپ ٹیمیں 29 نومبر سے ہونے والے فائنل میں مدمقابل ہونگی

اپنا تبصرہ بھیجیں