ملتان (محمد ندیم قیصر)
نامور دانشور و پرنسپل گورنمنٹ علمدار حسین اسلامیہ کالج ملتان پروفیسر علی سخنور نے جدید منصوبہ ملتان ایونیو کے بارے میں کہا ہے کہ اس منصوبہ کی تکمیل سے امکانی طور پر بالخصوص شہر ملتان اور بالعموم پورے ڈویژن میں بہت جلد ایک مثبت اور خوشگوار ماحولیاتی تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کام بولتا ہے کے مصداق چند روز قبل ہمارے شہر ملتان میں ایک بہت بڑے ترقیاتی منصوبے کا افتتاح ہوا۔ سیداں والابائی پاس سے لے کر سہو چوک تک تقریباً نو کلومیٹر سے زائد لمبائی کی ایک ایکسپریس وے قسم کی سڑک کی تعمیر کا آغاز کیا گیا ۔ ملتان ایونیو کے نام سے شروع کیے جانے والے اس پراجیکٹ پردو ارب اسی کروڑ روپے کی لاگت آئے گی اور امکانی طور پر اسے چار ماہ کے قلیل عرصے میں مکمل کرلیا جائے گا۔
کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم کی کاوشوں سے شروع ہونے والے اس پراجیکٹ کے بارے میں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس تمام راستے میں نکاسی آب کے لیے جدید ترین ڈیزائننگ کے ساتھ ساتھ منظر کو ہرا بھرا رکھنے کے لیے بھی خصوصی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔مزید یہ کہ اس نو کلومیٹر لمبی سڑک پر جگہ جگہ پارکنگ ایریاز بھی بنائے جارہے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ حائل نہ ہو سکے۔ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کو عملی صورت دینے کے لیے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم تندہی اور لگن سے مصروف عمل ہیں۔




